پاک چین تعلقات کے 75 سال، لوگو ڈیزائنرز میں انعامات تقسیم
سیکرٹری خارجہ نے چینی سفیر کے ساتھ ایوارڈ تقسیم کئے، دوطرفہ دوستی بڑھانے کا عزم
اسلام آباد (وقائع نگار) وزارت خارجہ نے پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر لوگو ڈیزائن مقابلے کے فائنلسٹس کیلئے ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی۔ مقابلے کا انعقاد وزارت خارجہ نے نومبر 2025میں کیا تھا۔ شارٹ لسٹنگ کے عمل کے بعد ٹاپ تین ڈیزائنرز کو حتمی شکل دی گئی۔ سیکرٹری خارجہ نے چین کے سفیر کے ساتھ مل کر مقابلہ جیتنے والوں کو ان کی تخلیقی صلاحیتوں اور لگن کو سراہتے ہوئے اسناد اور نقد انعامات پیش کیے۔ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے مقابلے میں وسیع پیمانے پر شرکت کو سراہا جس سے ملک کی تخلیقی صلاحیتوں کی عکاسی ہوتی ہے، پاکستان چین تعلقات بالخصوص نوجوانوں کے درمیان مضبوط عوامی گونج کا بھی اظہار ہوتا ہے۔ چین کے سفیر مسٹر جیانگ زیڈونگ نے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی اور گہرے تعاون کو اجاگر کیا۔ سفیر نے 75ویں سالگرہ کی سرگرمیوں کے ایک حصے کے طور پر منعقد کی جانے والی دلچسپ تقریبات کو بھی سراہا۔