تعمیراتی مقامات کی باقاعدہ انسپکشن،مانیٹرنگ کی ہدایت
تعمیراتی مقامات کے گرد مناسب باڑ لازمی ، سی سی ٹی وی کیمرے فعال رکھے جائیں سائن بورڈ بھی ضروری ،خلاف ورزی پر سائٹس سیل ،جرمانے ہونگے ،ڈی جی آر ڈی اے
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ڈی جی آر ڈی اے نے زیر انتظام علاقوں میں واقع تمام تعمیراتی مقامات پر سخت حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کیلئے جامع احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ تمام تعمیراتی مقامات کے گرد مناسب باڑ لازمی ہوگی، سی سی ٹی وی کیمرے ہر وقت فعال رکھے جائیں گے۔ رات کے اوقات میں مناسب روشنی کے انتظامات اور ہر تعمیراتی مقام پر واضح و نمایاں حفاظتی سائن بورڈز کی تنصیب بھی لازم قرار دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ تمام مزدوروں کو مقررہ حفاظتی ضوابط اور معیار پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی جی آر ڈی اے نے متعلقہ ڈائریکٹوریٹس کو تعمیراتی مقامات کی باقاعدہ انسپیکشن اور مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حفاظتی اقدامات پر مکمل عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ خلاف ورزی کی صورت میں تعمیراتی سائٹس کو سیل کرنا اور جرمانے عائد کرنا شامل ہے۔