ایران کی ثابت قدمی،عالم اسلام کی نمائندگی ہے، مفتی گلزار نعیمی
ٹرمپ کے عالمِ اسلام، ایران کیخلاف جارحانہ اقدامات عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ ہیں
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) جماعت اہلِ حرم پاکستان کامشاورتی اجلاس اسلام آباد میں ہوا ،صدارت امیر جماعت مفتی گلزار احمد نعیمی نے کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ اور خلیجی خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنے کی شدید اور بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عالمِ اسلام، بالخصوص اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف تمام جارحانہ اقدامات عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران جس جرات، استقامت اور استقلال کے ساتھ عالمی استکبار کا مقابلہ کر رہا ہے، وہ درحقیقت پورے عالمِ اسلام کی نمائندگی ہے۔ ایران کی ثابت قدمی نے امتِ مسلمہ میں اتحاد و یگانگت کی ایک نئی امید کو جنم دیا ہے۔ اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران سے بھرپور اظہارِ یکجہتی اور ٹرمپ کی تمام اسلام دشمن پالیسیوں کی شدید مذمت کی گئی۔ شرکا نے غزہ کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ کی سربراہی میں بنائے گئے نام نہاد ’’بورڈ آف پیس‘‘ چارٹر کو یکسر مسترد کر دیا۔