ٹاپ ایکسپورٹرز کیلئے اعزازات برآمدی شعبے پر اعتماد کا اظہار
ایکسپورٹس کو مارکیٹ بیسڈ سپورٹ دینا دانشمندانہ فیصلہ،پاکستان ٹیکسٹائل کونسل
اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان ٹیکسٹائل کونسل (پی ٹی سی) نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال کی برآمدات دوست پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے ٹاپ ایکسپورٹرز کیلئے اعزازات برآمدی شعبے پر اعتماد کا واضح اظہار ہیں۔ چیئرمین پی ٹی سی فواد انور نے اس حوالہ سے کہا کہ مشکل معاشی حالات میں حکومت کا ایکسپورٹس کو مارکیٹ بیسڈ سپورٹ دینا دانشمندانہ فیصلہ ہے ،وزیراعظم کی قیادت میں برآمدی صنعت کے لیے مالی دباؤ کم کرنے کے مؤثر اقدامات کیے گئے۔ انہوں نے ایکسپورٹ ری فنانس فیسلٹی میں کمی کو حکومت اور سٹیٹ بینک کی بہترین پالیسی ہم آہنگی کا نتیجہ قرار دیا۔ چیئرمین پی ٹی سی نے پاکستان ٹیکسٹائل کونسل کا حکومت کے ساتھ مل کر پائیدار برآمدی ترقی اور زرمبادلہ میں اضافے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔