مسائل کے حل کیلئے بڑی تحریک وقت کی ضرورت، امیرالعظیم
اسلامی نظام کا نفاذ آئینی تقاضا،آج تک پورا نہیں کیا گیا، غلبہ دین کی جدوجہد کرنا ہوگی
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل امیرالعظیم نے کہا ہے کہ جب تک ہماری سیاست، عدالت، معیشت اور حکومت میں اسلام داخل نہیں ہوگا تبدیلی نہیں آسکتی۔ جماعت اسلامی اقتدار کے بند دروازوں کو اسلام کیلئے کھولنا چاہتی ہے، ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ آئینی تقاضا ہے جسے آج تک پورا نہیں کیا گیا۔ پاکستان کو مدینہ کی ریاست اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے والے ہی بنا سکتے ہیں۔ غلبہ دین کی جدوجہد ہمیں دنیاوی جاہ وجلال سے ہزار گنا بڑھ کر محبوب ہے، لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے قومی سطح پر ایک بڑی تحریک وقت کی اہم ضرورت ہے، جرنیلوں کے کندھوں پر بیٹھ کر اقتدار میں آنے والے عوامی لیڈر نہیں ہوتے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے نصراللہ رندھاوا اور زبیر صفدر نے بھی خطاب کیا۔ امیر العظیم نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کیلئے دین پرعمل کرنا مشکل بنا دیا ہے، نئی نسل کو تعلیم اور صحت کی سہولتیں دینے کے ساتھ ساتھ ان کا ایمان بچانا بھی ضروری ہے۔ اس کا ایک ہی حل ہے کہ نوجوانوں کو مایوسی کے اندھیروں سے نکال کر امید کی روشنی میں لایا جائے۔