جائیکا کی جانب سے ٹیکسلا میوزیم کیلئے نمائش ،تحفظ کے آلات فراہم
پاکستان میں آثارِ قدیمہ کی بحالی کیلئے تعاون جا ری رکھیں گے ،جاپانی سفیر
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) جاپانی حکومت نے جائیکا کے ذریعے ٹیکسلا میوزیم کو نمائش اور تحفظ کے جدید آلات کی فراہمی کامیابی سے مکمل کر لی ہے ۔ منصوبے کے تحت 48.8ملین جاپانی ین کی معاونت کی گئی ،اس موقع پر جاپان کے سفیر Akamatsu Shuichi نے کہا جاپان پاکستان میں آثارِ قدیمہ کے مشنز کی بحالی کے لیے تعاون جاری رکھے گا ۔ڈائریکٹر جنرل آثارِ قدیمہ، حکومتِ پنجاب زہیر کی جانب سے چیف کنزرویٹر پنجاب آثارِ قدیمہ مقصود احمد ملک نے جاپان کی حکومت اور جائیکا کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ فراہم کیے گئے نئے آلات قیمتی نوادرات کے طویل المدتی تحفظ کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کریں گے ۔جائیکا پاکستان آفس کے سربراہ مسٹر میاتا نے کہا آلا ت کی حوالگی کی تقریب نے جاپان اور پاکستان کے درمیان عوامی روابط کے فروغ کے مشترکہ عزم کو مزید مضبوط کیا۔دریں اثنا یونیسکو کے ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹرخالد ایل اینانی نے بھی ٹیکسلا کا دورہ کیا۔،انہوںنے پنجاب حکومت اور محکمہ آثارِ قدیمہ پنجاب کی جانب سے تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے اختیار کیے گئے عالمی معیار کے اقدامات کو سراہااور مکمل تعاون کی پیشکش کی۔