بھیرہ بار کے وفد کی وزیر قانون سے ملاقات، وکلا مسائل پر گفتگو
جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لانے کی یقین دہانی وکلا کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کئے جائینگے ،اعظم نذیر تارڑ کا وفد سے وعدہ
میانی (نامہ نگار)بار ایسوسی ایشن بھیرہ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے صدر بار ایسوسی ایشن بھیرہ مہر حبیب نواز وینس ایڈووکیٹ کی قیادت میں وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات کی، جس میں جوڈیشل کمپلیکس بھیرہ کی تعمیر اور بھیرہ بار کے وکلاء کو درپیش دیرینہ مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے وفاقی وزیر قانون کو آگاہ کیا کہ جوڈیشل کمپلیکس کی عدم موجودگی کے باعث وکلاء اور سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، خصوصاً جونیئر وکلاء کو مناسب سہولیات نہ ہونے کے باعث پیشہ ورانہ امور میں رکاوٹیں درپیش ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے جوڈیشل کمپلیکس بھیرہ کی تعمیر کے لیے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لانے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے پر جلد عملی کام شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے بھیرہ بار کے وکلاء کو درپیش مسائل کے فوری اور ترجیحی بنیادوں پر حل کی بھی مکمل یقین دہانی کروائی۔صدر بار ایسوسی ایشن بھیرہ مہر حبیب نواز وینس ایڈووکیٹ کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون نے مناسب وقت پر بھیرہ آنے کا وعدہ بھی کیا۔ وفد میں نائب صدر مہر خرم شہزاد ایڈووکیٹ، سابق صدور چوہدری محمد انور بولا ایڈووکیٹ اور چوہدری طارق محمود گوندل ایڈووکیٹ شامل تھے ۔