ڈپٹی کمشنر کا صبح سویرے شہر کا دورہ،صفائی کا تفصیلی جائزہ لیا
واٹر سپلائی محمدی کالونی میں پانی کی فراہمی، فلٹریشن پوائنٹس اور لائنز کا معائنہ ڈیپ کلینگ وقتی مہم نہیں بلکہ ایک مسلسل عمل ہے ، حسین احمد رضا چودھری
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا سٹی کی ڈیپ کلینگ کا عمل تیزی سے جاری ہے ، جس کے تحت شہر بھر میں صفائی، نکاسی آب اور شہری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے واسا، ایس ڈبلیو ایم سی اور دیگر متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر فیلڈ میں متحرک ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر سرگودہا حسین احمد رضا چوہدری خود اس سٹی آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں اور تحصیلوں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نے گزشتہ صبح سرگودھا شہر کے مختلف اندرون علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے جوہر کالونی، گل والا، بلاک نمبر 35، 32، 25، 29 اور 12 میں صفائی ستھرائی کے انتظامات، کوڑا کرکٹ اٹھانے کے عمل، گلیوں اور سڑکوں کی حالت اور مجموعی صورتحال کا موقع پر جا کر معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے واسا کے زیر انتظام واٹر سپلائی محمدی کالونی کا بھی دورہ کیا، جہاں پانی کی فراہمی، فلٹریشن پوائنٹس اور پائپ لائنز جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے واضح ہدایات دیں کہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ سرگودھا سٹی کی ڈیپ کلینگ صرف ایک وقتی مہم نہیں بلکہ ایک مسلسل عمل ہے ، جس پر روزانہ کی بنیاد پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق وہ خود فیلڈ میں نکل کر صفائی اور شہری سہولیات کے کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ سرگودھا شہر کو صاف، منظم اور رہنے کے قابل بنایا جا سکے ۔اس موقع پر ایم ڈی واسا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ، ایس ڈبلیو ایم سی کے ڈسٹرکٹ اور تحصیل منیجرز بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے ۔