چاند رات،عیدالفطر کیلئے سکیورٹی پلان کا اجراء

چاند رات،عیدالفطر کیلئے سکیورٹی پلان کا اجراء

اہم مقامات ، بازاروںمیں 417پولیس افسر، اہلکار تعینات، ریجن میں 2037نماز عید کے اجتماعات، 4136پولیس افسر ، اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے حساس مقامات پر داخلے کیلئے میٹل ڈیٹیکٹر ، واک تھرو گیٹس کا استعمال، ون ویلنگ پر پابندی ، 33ناکہ بندی پوائنٹس قائم کئے جائیں گے ، گشت میں اضافہ کی ہدایت

ملتان (کرائم رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر عثمان اکرم گوندل کی ہدایت پر ملتان ریجن (ملتان، وہاڑی، خانیوال اور لودھراں) کے لئے چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر فول پروف سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ون ویلنگ کی روک تھام کے لئے بھی خصوصی اقدامات یقینی بنائے گئے ہیں۔سکیورٹی پلان کے تحت ریجن بھر میں چاند رات کے موقع پر اہم مقامات اور بازاروں میں 417 پولیس افسر و اہلکار تعینات کئے جائیں گے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے ۔عیدالفطر کے اجتماعات کے لئے ریجن بھر میں 2037 مقامات پر نماز عید کی ادائیگی کے دوران 4136 پولیس افسر و اہلکار سکیورٹی فرائض انجام دیں گے ۔ حساس مقامات پر داخلے کے لئے میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس کا استعمال یقینی بنایا جائے گا جبکہ مشکوک افراد اور اشیاء پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ون ویلنگ کی روک تھام کے لئے ریجن بھر میں 33 ناکہ بندی پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں جہاں خصوصی ٹیمیں گشت اور کارروائی عمل میں لائیں گی۔ تاکہ شہریوں کی جان و مال کو لاحق خطرات کا سدباب کیا جا سکے ۔ریجنل پولیس آفیسر کا کہنا ہے کہ ان تمام انتظامات کا مقصد عوام الناس کے جان و مال کا ہر صورت تحفظ یقینی بنانا ہے ، جس کے لئے ملتان ریجن پولیس اپنے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں