یونیورسٹی آف سرگودھا اور بیکن ہاؤس میں یاد داشت کے سمجھوتے

یونیورسٹی آف سرگودھا اور بیکن ہاؤس میں یاد داشت کے سمجھوتے

بیکن ہاؤس گروپ یونیورسٹی کو ایک لاکھ مختلف اقسام کے پودے فراہم کرے گا کیمپس، ایگری کلچر، انجینئرنگ کالج میں شجرکاری کی بہتر حفاظت کرے گا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف سرگودھا اور بیکن ہاؤس گروپ کمپنی کے درمیان باہمی یاد داشت کے سمجھوتے کی تقریب ملٹی پرپز ہال میں منعقد ہوئی۔ معاہدے کی رو سے بیکن ہاؤس گروپ کمپنی ماحول کوسرسبز اور زیادہ خوبصورت بنانے کے لئے یونیورسٹی کو ایک لاکھ مختلف اقسام کے پودے فراہم کرے گی۔ سرگودھا یونیورسٹی اپنے ون ہیلتھ پروگرام کے تحت مین کیمپس، ایگری کلچر، انجینئرنگ کالج میں شجرکاری کرے گی اور ان کی بہتر حفاظت کرے گی۔ باہمی یاد داشت کے سمجھوتے کی تقریب میں بیکن ہاؤس گروپ کمپنی کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عبدالمنان جبکہ سرگودھا یونیورسٹی کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر ظفر حیات ڈائریکٹر انٹر ڈسپلنری ریسرچ سنٹر فار ون ہیلتھ نے دستخط کئے ۔ معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل بیکن ہاؤس گروپ کمپنی ڈاکٹر عبدالمنان نے کہا کہ ہمارا مختلف تعلیمی اداروں کو پودے فراہم کرنے کا مقصد پورے ملک میں ماحول کو صاف سر سبز بنانا ہے جس کے تحت ہم اداروں کو کل 15 لاکھ مختلف انواع کے پودے فراہم کررہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی نہ صرف علاقہ بلکہ پورے پاکستان کا اہم ترین ادارہ ہے جسے ہم ایک لاکھ پودے فراہم کررہے ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا تعلیم و تحقیق کے ساتھ طالب علموں میں اچھے کام کرنے کا شعور بلند کررہی ہے اور ہم ون ہیلتھ پروگرام کے تحت صحت کے شعبہ میں مزید کام کررہے ہیں جن میں زیادہ سے زیادہ شجر کاری ہمارے اس پروگرام کا حصہ ہے ۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے بیکن ہاؤس گروپ کمپنی کے وفد کو یونیورسٹی میں جاری تعلیمی، تحقیقی، تعمیراتی اور مختلف پراجیکٹس کے بارے میں خصوصی بریفنگ دی اور کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی اکیسویں صدی کے تقاضوں کے ہم آہنگ اپنے طالب علموں کی تعلیم و تربیت کررہی ہے ۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عثمان منہاس، پروفیسر ڈاکٹر عامر علی، مہر احمد خان ہرل و دیگر بھی موجودتھے۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس، یونیورسٹی ڈینز ، انتظامی افسران نے بیکن ہاؤس گروپ کمپنی کے ہمراہ یونیورسٹی میں پودے لگائے ۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹرمحمد الیاس نے وطن عزیز کی سلامتی ترقی اور استحکام کے لئے خصوصی دعا کرائی۔ بیکن ہاؤس گروپ کمپنی کے وفد نے اپنے دورہ کے موقع پر یونیورسٹی آف سرگودھا کے مختلف شعبہ جات، ہسٹری وال، انکیوبیشن سنٹر اور یونیورسٹی جم کا بھی دورہ کیا جنہیں انہوں نے دورے حاضر کے جدید تقاضوں کے ہم آہنگ قرار دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں