ڈینگی :نرسریوں ‘ قبرستانوں کی سرویلنس کی جائے :خالد جاوید
گلی محلوں، سڑکوں، پارکس اور عیدگاہوں کو خوبصورت بنایا جائے :ڈپٹی کمشنر
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی ) ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ نے عیدالفطر کے موقع پر صحت، صفائی اور بچوں کی حفاظت کے لیے اہم اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں انسداد ڈینگی، ستھرا پنجاب/سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور قومی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ڈینگی کے ہاٹ اسپاٹس، گھروں، زیر تعمیر عمارتوں، میرج ہالز، ہوٹلز، ڈسپنسریز، فیکٹریز، بس اسٹینڈز، تالاب، سرکاری بلڈنگز، نرسریاں اور قبرستانوں کی مکمل سرویلنس کی جائے ۔ سالڈ ویسٹ اور ملبہ فوری ہٹایا جائے اور ضرورت پر ڈینگی سپرے کیا جائے ۔ شہری گھروں اور دکانوں میں صفائی یقینی بنائیں، پانی جمع کرنے والے برتن ڈھانپ کر رکھیں، گلی محلوں، سڑکوں، پارکس اور عیدگاہوں کو خوبصورت بنایا جائے اور ڈور ٹو ڈور کوڑا کرکٹ جمع کیا جائے ۔ پولیو مہم میں 13تا 16اپریل 6لاکھ 50ہزار 261 بچوں کو قطرے پلائے جائینگے اور 6ماہ سے 5سال تک کے بچوں کو وٹامن اے کیپسول فراہم کیے جائینگے ۔ اس کیلئے 89یو سی ایم اوز، 402ایریا انچارجز، 4352 موبائل ٹیمیں، 109فکسڈ اور 178 ٹرانزٹ ٹیمیں ڈیوٹی انجام دیں گی جبکہ پولیس سیکیورٹی فراہم کریگی اور محکمہ اوقاف مساجد میں آگاہی یقینی بنائے گا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام مرتضیٰ، اے سی انعم اکرم، سی ای او ایجوکیشن ناصر عزیز، ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد فاضل اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر بوریوالا ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔