پیسے ،راشن کا لالچ دیکر خاتون اغوا کرنیوالا ملزم مورو میں گرفتار
ملزم سرفراز ملتان سے نازیہ زوجہ انیس کو ہمراہ لایا، فروخت کا ارادہ رکھتا تھاپولیس نے دونوں کو حراست میں لے لیا، مقدمہ درج، قانونی کارروائی شروع
پڈعیدن (نمائندہ دنیا )مورو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مغوی خاتون کو بازیاب کرواکر ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔ مورو تھانے کی پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ ملتان پنجاب کا رہائشی ملزم محمد سرفراز ولد محمد صادق راجپوت ایک خاتون مسمات نازیہ زوجہ انیس شیخ کو راشن اور پیسوں کا لالچ دے کر اپنے ہمراہ لے کر آیا ہے ، جسے بعد ازاں فروخت کرنے کا ارادہ رکھتا ہے ۔ ایسی اطلاع ملنے پر پولیس نے سب ڈویژنل پولیس افسر مورو فائزہ سوڈھر اور ایس ایچ او امتیاز علی کھاوڑ کی سربراہی میں فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ خاتون کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔
برآمد ہونے والی خاتون نے اپنے ابتدائی بیان میں بھی اس امر کی تصدیق کی ہے کہ ملزم اسے راشن اور پیسوں کا جھانسہ دے کر ساتھ لایا تھا۔ پولیس نے ملزم اور خاتون کو اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا، اور ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ مزید تفتیش جاری ہے ۔ضلع پولیس نوشہروفیروز کی جانب سے عوام الناس کو یقین دلایا جاتا ہے کہ انسانی اسمگلنگ اور ایسے گھناؤنے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔