شہر کے 10 بڑے پارکس کو سپورٹس گراؤنڈ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ ، منصوبہ جون سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت

 شہر کے 10 بڑے پارکس کو سپورٹس گراؤنڈ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ ، منصوبہ جون سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت

گراؤنڈز میں پانی اور واش روم کی سہولت دستیاب ہونی چاہیے اور ہر گراؤنڈ کے لیے الگ لوکل سپورٹس کمیٹی بھی قائم کی جائے گی، بڑے پارکس کو پبلک سکولوں کے سپرد کرکے ’’پاکستان پارک‘‘ کے نام سے منسوب کیاجائیگا:کمشنر

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن اور نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے مشن کے تحت ڈویژنل انتظامیہ نے شہر کے 10 بڑے غیر آباد پارکس کو سپورٹس گراؤنڈ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔کمشنر راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں ڈی جی ایف ڈی اے ، ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ، ڈویژنل سپورٹس آفیسر اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی نے بتایا کہ نورپور پارک، کریسنٹ پارک شیخوپورہ روڈ، قاسم پارک پیپلز کالونی نمبر 2، انصاری پارک بدر کالونی، محمدی پارک لیاقت ٹاؤن، میاں شریف پارک 274 R.B، راجہ پارک شریف پورہ ستیانہ روڈ، جنگل سنگھ پارک پیپلز کالونی نمبر 1، لالہ زار پارک چن ون روڈ اور کینال پارک  سپورٹس آرینا ناولٹی پل سے پل کوریاں پارک کو سپورٹس گراؤنڈ میں تبدیل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

کمشنر نے ڈویژنل سپورٹس آفیسر اور ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی کو ہدایت کی کہ وہ مشترکہ وزٹ کرکے پلان تیار کریں اور جون 2026ء سے قبل ان سائٹس کو نوجوانوں کے لیے معیاری کھیلوں کی سہولیات کے ساتھ مکمل کریں۔ سپورٹس گراؤنڈز میں پانی اور واش روم کی سہولت دستیاب ہونی چاہیے اور ہر گراؤنڈ کے لیے الگ لوکل سپورٹس کمیٹی بھی قائم کی جائے گی۔مزید برآں کمشنر نے کہا کہ پارک اپنائیں پروگرام کے تحت شہر کے بڑے پارکس کو پبلک اسکولوں کے سپرد کیا جائے گا اور انہیں \\\'\\\'پاکستان پارک\\\'\\\' کے نام سے منسوب کیاجائیگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں