شاپنگ مال میں آتشزدگی، 2فائر فائٹرز بے ہوش

شاپنگ مال میں آتشزدگی، 2فائر فائٹرز بے ہوش

فائر بریگیڈ کی پانچ گاڑیوں نے آگ پر قابوپالیا، آتشزدگی سے کئی دکانیں متاثر

کراچی (این این آئی)مصروف تجارتی مرکز طارق روڈ پر واقع دبئی شاپنگ مال کے بیسمنٹ میں قائم گودام اور دکانوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کو اطلاع ملتے ہی آگ بجھانے کا عمل شروع کیا گیا۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ شاپنگ مال کے بیسمنٹ میں موجود دو سے تین کپڑوں کی دکانوں میں لگی تھی۔آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی پانچ گاڑیوں نے حصہ لیا جبکہ بیسمنٹ میں بھر جانے والا دھواں خصوصی مشینوں کے ذریعے باہر نکالا گیا۔ریسکیو آپریشن کے دوران دھوئیں کے باعث دو فائر فائٹرز، بلال اور سکندر، کی حالت غیر ہوگئی جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔

حکام کے مطابق واقعے میں کسی شہری کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے مطابق بروقت کارروائی کے باعث آگ پر قابو پا لیا گیا جبکہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے ۔دوسری جانب مارکیٹ ایسوسی ایشن نے فائر بریگیڈ اہلکاروں کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا، جبکہ بے ہوش ہونے والے فائر فائٹر سکندر کے لیے اضافی 2 لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں