ملتان:زکریا یونیورسٹی ملازمین کو بونس نہ مل سکا
ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں ملازمین کو بونس نہ ملنے پر شدید تشویش پائی جا رہی ہے جبکہ ایمپلائز یونین بھی تنقید کی زد میں آ گئی ہے ۔۔۔
بتایا گیا ہے کہ ماہِ رمضان کے آخری عشرے کے باوجود ملازمین کو تنخواہیں تاخیر سے ادا کی گئیں اور انہیں منگل کی شام تنخواہیں موصول ہوئیں، تاہم ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن نہ مل سکی۔بونس کی عدم ادائیگی کے باعث ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے ، خصوصاً عیدالفطر سے قبل اخراجات بڑھنے کے باعث پریشانی میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ دوسری جانب یونیورسٹی کی ایمپلائز یونین کے عہدیدار بھی ملازمین کی تنقید کی زد میں ہیں۔ملازمین کا کہنا ہے کہ بھاری مینڈیٹ کے ساتھ منتخب ہونے والی ایسوسی ایشن عملی اقدامات کرنے کے بجائے صرف بیانات اور پیغامات تک محدود دکھائی دیتی ہے ، جس کے باعث ملازمین کے مسائل حل نہیں ہو پا رہے ۔