ڈی ایچ کیو ہسپتال : ٹیسٹوں کیلئے بھاری فیسیں، بوگس رسیدیں دینے پر 3 ملازم معطل
تینوں لیب اٹینڈنٹ رانا افضل،سفیان مغل اور عقیل شہباز ملوث ، کمپیوٹر ریکارڈ میں بھی انٹریاں مشکوک،انکوائری کمیٹی تشکیل ، ایم ایس نے اندراج مقدمہ ریفرنس اینٹی کرپشن کو بھیج دیا
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کے پتھالوجی لیبارٹری شعبہ میں کرپشن سکینڈل،مریضوں سے مختلف ٹیسٹوں کی آڑ میں بھاری فیسیں بٹورتے 3 ملازمین رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ،ایم ایس ڈاکٹر رانا امتیاز احمد خان نے جعلی پرچیاں بنانے اور مریضوں سے فیسیں وصول کرنے والے تینوں لیب اٹینڈنٹ رانا افضل،سفیان مغل اور عقیل شہباز کو معطل کردیا اور ان کیخلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے ریفرنس اینٹی کرپشن گوجرانوالہ سیکرٹریٹ کو ارسال کردیا۔ سول ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر رانا امتیاز خان نے بورڈ آف مینجمنٹ اور افسر وں کے ہمراہ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا اچانک دورے کئے اور انتظامات کا جائزہ لیا تو لیب اٹینڈنٹ رانا افضل، سفیان مغل اور عقیل شہباز بوگس رسیدیں دے کر مریضوں سے بھاری فیسیں وصول کررہے تھے کمپیوٹر ریکارڈ میں بھی انٹریاں مشکوک پائی گئیں ، ایم ایس نے تینوں ملازمین کو معطل کرکے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ، ایم ایس ڈاکٹر رانا امتیاز خان نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کو ملزموں کے خلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے ریفرنس بناکر ارسال کردیا۔