کوڑا اٹھانے والے رکشے تعمیراتی کاموں میں استعمال

کوڑا اٹھانے والے رکشے تعمیراتی کاموں میں استعمال

رکشے تعمیراتی سامان کی منتقلی کیلئے استعمال ہو نے پر ستھرا پنجاب مہم بری طرح متاثر ، جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر ، ماحولیاتی آ لودگی میں اضافہ ، شہریوں کا احتجاج

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )علی پورچٹھہ میں ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی کیلئے مختص رکشے مبینہ طور پر تعمیراتی کاموں میں استعمال ہونے لگے جس کے باعث شہر میں جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگ گئے اور صفائی کی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ۔ اس صورتحال پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ حکومت پنجاب کی جانب سے صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے فراہم کیے گئے رکشے جو کوڑا کرکٹ اٹھانے کیلئے مخصوص تھے ، اب بعض مقامات پر تعمیراتی سامان کی منتقلی میں استعمال ہو رہے ہیں جس کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں، گلی محلوں اور بازاروں میں کوڑا کرکٹ جمع ہوتا جا رہا ہے اور تعفن پھیلنے لگا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے ۔ لوگوں نے شکایت کی کہ ذمہ دار عملہ اصل ڈیوٹی چھوڑ کر دیگر کاموں میں مصروف ہے جس سے ستھرا پنجاب مہم کے مقاصد بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ صفائی کیلئے مختص وسائل کا درست استعمال یقینی بنایا جائے ، غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور شہر میں فوری طور پر صفائی کی صورتحال بہتر بنائی جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں