سرگودھا اور بھکر کیلئے 19ترقیاتی سکیموں کی منظوری،8سڑکوں کی تعمیرو مرمت بھی شامل

سرگودھا اور بھکر کیلئے 19ترقیاتی سکیموں کی منظوری،8سڑکوں کی تعمیرو مرمت بھی شامل

ترقیاتی سکیمیں عوامی فلاح کا ذریعہ ہیں، اس لیے شفافیت اور معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ، زیادہ آبادی والے علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کو اولین ترجیح،کمشنر

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں روڈ سیکٹر سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سرگودھا اور بھکر کے لیے مجموعی طور پر 19 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی جنہیں آئندہ مالی سال 2026-27 کے لیے حکومت کو بھجوا دیا جائے گا۔منظور شدہ سکیموں میں سرگودھا شہر کے اندرونی علاقوں کی 11 جبکہ ضلع بھکر کی 8 سٹرکوں کی تعمیر و مرمت شامل ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد شہری اور دیہی علاقوں میں سڑکوں کی بہتری، آمد و رفت میں آسانی اور عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے ۔ کمشنر سرگودھا نے ہدایت کی کہ سکیموں کی ترجیحات کا تعین زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے ۔ انہوں نے خاص طور پر زیادہ آبادی والے علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کو اولین ترجیح دینے پر زور دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو براہ راست فائدہ پہنچ سکے ۔ کمشنر کا کہنا تھا کہ ترقیاتی سکیمیں عوامی فلاح کا ذریعہ ہیں، اس لیے شفافیت اور معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ اجلاس میں سرگودھا اور بھکر کے ڈپٹی کمشنرز کے علاؤہ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، ایس ای ہائی ویز، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور ایکسین ہائی ویز سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی اور اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں