وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سلانوالی کی تزین و آرائش جاری
جناح فیملی چلڈرن پارک ، بے نظیر پارک کی رینوویشن مکمل کر لی گئی سلانوالی شاہین آباد روڈ، فاروقہ روڈ،کچہری روڈ پر کام مکمل:محمد اکمل
سلانوالی (نمائندہ دنیا)اسسٹنٹ کمشنر سلانوالی چوہدری محمد اکمل نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر سلانوالی شہر کی تزین و آرائش اور خوبصورتی کے منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جناح فیملی چلڈرن پارک اور بے نظیر پارک کی رینوویشن مکمل کر لی گئی ہے ۔پارکوں میں بچوں کے لیے جدید جھولے نصب کر دیے گئے ہیں، بہترین لائٹنگ کا انتظام کیا گیا ہے اور خوبصورت پھولدار و سایہ دار درخت لگا دیے گئے ہیں۔ کچہری روڈ پر واقع کلمہ چوک کو جدید انداز میں سجایا گیا ہے ، جو رات کے وقت نہایت دلکش منظر پیش کرتا ہے ۔اسی طرح چوک بلاک نمبر 3 اور چوک بازار نمبر 2 میں قائم مونومینٹس کو خوبصورتی سے مزین کر دیا گیا ہے ۔ خاص طور پر چوک بلاک نمبر 3 میں درختوں پر کی گئی لائٹنگ شہریوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے ۔ سلانوالی شاہین آباد روڈ، فاروقہ روڈ اور کچہری روڈ پر بھی تزین و آرائش کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ، جبکہ جلد ہی شہر کی تمام اہم شاہراہوں کو جدید سٹریٹ لائٹس سے روشن کر دیا جائے گا۔اسسٹنٹ کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شہر کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں اور سرکاری املاک کا خاص خیال رکھیں۔