تمام پاکستانی کشمیری عوام کیساتھ کھڑے ہیں، ڈی سی راولپنڈی
یوم یکجہتی کشمیر پر وقار النسا کالج فارویمن میں تقریب، شرکا نے ریلی نکالی
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کی جانب سے وقار النسا کالج فار و یمن میں پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے شرکت کی۔ کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ طلبا و طالبات نے مظالم کے حوالے سے ٹیبلو پیش کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی، اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستانی عوام کشمیری عوام کے ساتھ ہمیشہ سے کھڑے رہیں گے، اقوام متحدہ اور عالمی برادری کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ان کی آزادی کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرے۔ تقریب میں کشمیرمیں جاری بھارتی مظالم کے حوالے سے خصوصی ڈاکو منٹری بھی دکھائی گئی اور تقریب کے اختتام پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی بھی نکالی گئی۔