کچہری چوک انڈر پاس مقررہ وقت میں مکمل کیاجا ئے ،کمشنر راولپنڈی
عامر خٹک کی زیر صدارت اجلاس ،غیر قانونی ہا ؤسنگ سکیمز کیخلاف ایکشن کی ہدایت
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)کچہری چوک ری ماڈلنگ منصوبہ کا مجموعی طور پر 54 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔ بریفنگ میں کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک کو بتایا گیا کہ افتخار جنجوعہ چوک پر تعمیراتی کام 40 فیصد مکمل ہو چکا ہے ۔ کمشنر راولپنڈی نے ہدایت کی کہ مقررہ ڈیڈ لائن کے اندرکام مکمل کیا جا ئے ، عوامی آگاہی کے لیے مناسب سائن بورڈز نصب کیے جائیں۔ دریں اثنا انہوں نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف فوری ایکشن لینے اور مالکان کیخلاف ایف آئی آر کے اندراج کی ہدایت کی ۔ آر ڈی اے میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے انجینئر عامر خٹک نے کی۔ انہوں نے ہدایت کی تمام غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور ایف آئی آرز کا اندراج یقینی بنایا جائے ۔