فٹنس چیکنگ عملے کی کمی،گھنٹوں انتظار،آخرمیں گاڑی فیل
پشاور روڈ دفتر عملہ کا فٹنس سرٹیفکیٹ دینے سے انکار،گاڑی مالکان خوار راولپنڈی میں عملہ، فٹنس دفاتر کی تعداد بڑھائی جائے، متاثرین کا حکام سے مطالبہ
راولپنڈی (دنیا رپورٹ) گاڑیوں کی فٹنس کا راولپنڈی دفتر سائلین کیلئے عذاب بن گیا، دفتر کا عملہ غریب ڈرائیوروں کو بے جا تنگ کرنے لگا، کئی کئی گھنٹے انتظار کرانے کے بعد گاڑی کو فیل کر دیا جاتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور روڈ راولپنڈی میں قائم گاڑیوں کی فٹنس کے دفتر کے عملے نے گاڑیوں کی پاسنگ کیلئے آنیوالوں کو خوار کر نا شروع کر دیا ہے۔ گاڑی مالکان اور ڈرائیورز کامران اعظم ملک، حاجی عامر، ملک رمضان اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رات دس بجے سے کھڑے ڈرائیوروں کی گاڑیوں کو دفتر کا عملہ صبح دس بجے فیل کردیتا ہے اور فٹنس سرٹیفکیٹ دینے سے انکار کر دیتا ہے۔ انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ راولپنڈی میں عملہ اور فٹنس دفاتر کی تعداد بڑھائی جائے، نااہل عملہ کا قبلہ درست کیا جا ئے اور گاڑیوں کی پاسنگ کا عرصہ چھ ماہ سے بڑھا کر ایک سال کیا جائے۔