سکول کی تقریب میں جمپنگ جھولا ٹوٹنے سے 6بچے زخمی
جھولا دوسری منزل پر نصب تھا، بچے ہسپتال منتقل، 2کی حالت تشویشناکپرنسپل گرفتار، اسلام آباد انتظامیہ نے سکول کو سیل کر کے تحقیقات شروع کر دیں
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی دارالحکومت کے تھانہ ہمک کے علاقے میں واقع ایک سکول میں منعقدہ فنکشن کے دوران دوسری منزل پر نصب کیا گیا جمپنگ جھولا اچانک ٹوٹ گیا جس کے نتیجے میں متعدد بچے نیچے گر گئے اور زخمی ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہوا کے زیادہ دباؤ کے باعث جھولا پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں اس پر موجود بچے نیچے جاگرے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں ابتدائی طور پر 6بچے زخمی ہوئے جن میں سے 2کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ تمام زخمی بچوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ہمک پولیس موقع پر پہنچ گئی جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ نے حفاظتی انتظامات میں مبینہ غفلت پر سکول کو سیل کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سکول کے پرنسپل کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔