پولیو مہم ختم، راولپنڈی میں 7لاکھ 28ہزار بچوں کی ویکسی نیشن
پنجاب بھر میں ایک کروڑ 73لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) پنجاب بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی انسداد پولیو مہم کامیابی سے مکمل کر لی گئی جس کے دوران ضلع بھر میں 7لاکھ 28ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔ اہم شاہراہوں، بس اڈوں اور داخلی و خارجی راستوں پر بھی خصوصی ٹیمیں تعینات رہیں، انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ عدیل تصور کے مطابق راولپنڈی میں پولیو ٹیموں نے بھرپور انداز میں فرائض انجام دیئے اور شہریوں نے بھی بھرپور تعاون کیا۔ پنجاب کے 35اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ اختتام ہو چکا ہے جبکہ لاہور سمیت بعض اضلاع میں کیچ اپ مرحلہ جاری ہے۔ پنجاب میں مہم کے دوران ایک کروڑ 73لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔