لیگی خواتین رہنماؤں کی اسلام آباد میں خود کش دھماکے کی مذمت
معصوم نمازیوں کو نشانہ بنانا کھلی دہشتگردی،بیگم شاہدہ قدیر،سیما جیلانی،سعیدہ مشتاق
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر خواتین رہنماؤں نے اسلام آباد میں جمعہ کی نماز کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے کے شدید مذمت کی، بیگم شاہدہ قدیر و دیگر نے کہا معصوم نمازیوں کو نشانہ بنانا کھلی دہشتگردی ہے، شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، نمازیوں کا خون بہانے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی سنیئر رہنما ورکن قومی اسمبلی سیما جیلانی نے کہا بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت کیخلاف ہے، معصوم جانوں سے کھیلنے والے عناصر انسانیت کے دشمن ہیں، اس سرزمین پر ایسے درندوں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔
سنیئر لیگی رہنما وسنیئر نائب صدر سعیدہ مشتاق نے کہا ملک دشمن عناصر کو پاکستا ن کا عالمی سطح پر بڑھتا ہوا وقار ہضم نہیں ہو رہا، بے گناہ نمازیوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ اور انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے، ہم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ افواج سے مقابلہ نہ کرسکنے والے بزدل دہشتگرد سوفٹ ٹارگٹ کونشانہ بنا رہے ہیں، بھارت جنگ کے میدان میں عبرتناک شکست سے دوچار ہونے کے بعد افغانستان کے دہشتگردوں کے ذریعے اپنی خفت مٹانا چاہتا ہے۔