گوجرخان میں2انڈر پاسز کیلئے 5ارب 65کروڑ روپے منظور
قومی شاہراہ کو سٹی کی حدود سے تین رویہ کیا جائے گا، اعجاز قمرکیانی
کلیام اعوان ( نمائندہ دنیا ) گوجر خان سٹی کو جدید و محفوظ بنانے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دو جدید انڈر پاسز کے لئے 5ارب 65 کروڑ روپے کی منظوری دے دی ، بریگیڈیئر (ر) اعجاز قمر کیانی کے پیش کردہ منصوبے کو وزیر اعلیٰ نے منظور کر لیا، دو انڈر پاسز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ قومی شاہراہ کو سٹی کی حدود سے تین رویہ کیا جائے گااور تمام یوٹیلیٹیز سروسز و سیوریج سسٹم کو انڈر گراونڈ کیا جائے گا ۔جی ٹی روڈ کلیام اعوان آمد پر بریگیڈیئر( ر) اعجاز قمر کیانی ستارہ امتیاز ملٹری نے اس حوالے سے دنیا سے گفتگو میں کہا کہ بھارت کا غرور اور رافیل طیاروں کو خاک میں ملا کر ہماری مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے عالمی سطح پر اپنا لوہا منوا لیا ۔ گوجر خان سٹی میں ہونے والے ٹریفک حادثات کے پیش نظر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو دو انڈر پاسز کا پراجیکٹ پیش کیا تھا جسے انہوں نے منظورکرلیا ہے ،امید ہے ان منصوبوں پر جلد کام شروع ہو گا ۔