کمشنر راولپنڈی کا دورہ بینظیرہسپتال ، دھماکا کے زخمیوں کی عیادت
چارزخمیوںمیں سے ایک صحتیاب ہوکر ڈسچارج ہوچکا ، ہسپتال انتظامیہ عامر خٹک کی زیر صدارت اجلاس ،رمضان سہولت بازارلگانے کی ہدایت
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار)کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا اور اسلام آباد دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی ،بتایا گیا دھماکے میں زخمی چار افراد بینظیر بھٹو ہسپتال میں زیرعلاج تھے جن میں سے ایک صحتیاب ہوکر ڈسچارج ہوچکا ہے ۔ کمشنر راولپنڈی نے ایم ایس کو زخمی افراد کے بہترین علاج معالجے و دیگر سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔ بعد ازاں انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں سے بھی گفتگو کی ۔دریں اثنا کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے کہا ہے رمضان بازاروں تک عوام کی رسائی آسان بنانے کے لئے مناسب جگہوں کا انتخاب کیا جائے۔
جہاں پر معیاری اور سستی اشیائے خوردونوش کے ساتھ سکیورٹی اور دیگر سہولیات موجود ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز رمضان سہولت بازاروں سے متعلق اجلاس میں کیا۔ انہوںنے کہا رمضان سہولت بازاروں کے ساتھ ساتھ دسترخوانوں کا بھی خصوصی انتظام کیا جائے ۔ رمضان بازاروں میں فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں، مناسب روشنی کا بندوبست کیا جائے ، شکایات کے فوری ازالے کے لئے شکایات سیل قائم کیا جائے ۔