راولپنڈی میں سگنل فری منصوبہ جلد مکمل ہوگا، صہیب بھرتھ
منصوبہ کے تحت 9انڈر پاسز اور 3فلائی اوورز تعمیر کیے جا رہے ہیں،اجلاس سے خطاب
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)راولپنڈی میں 25 کلومیٹر طویل سگنل فری منصوبے پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ۔ جس کے تحت 9 انڈر پاسز اور 3 فلائی اوورز تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ منصوبے کا 51 فیصد تعمیراتی کام محض 50 دنوں میں مکمل کر لیا گیا ہے۔ یہ بات صوبائی وزیر مواصلات صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت جائزہ اجلاس میں سامنے آئی۔ اجلاس میں محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے افسران نے منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔
راولپنڈی سے متعلقہ افسران نے آن لائن شرکت کی۔ صوبائی وزیر مواصلات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 30 ارب روپے کی لاگت سے یہ منصوبہ مکمل کیا جا رہا ہے۔ جس کا مقصد شہری ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور عوام کو محفوظ، تیز اور جدید سفری سہولیات کی فراہمی ہے۔ اسلام آباد ایکسپریس وے سے پشاور روڈ تک سگنل فری کوریڈور پر کام پوری رفتار سے جاری ہے ۔ راولپنڈی میں سمارٹ انفراسٹرکچر کی تعمیر سے اربن موبیلٹی کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے اور شہریوں کا سفر نہ صرف آسان بلکہ محفوظ بھی ہوگا۔