پاکستان عالمی برادری کیساتھ شراکت داری کا خواہاں،سیدال خان

پاکستان عالمی برادری کیساتھ شراکت داری کا خواہاں،سیدال خان

موجودہ عالمی حالات باہمی تعاون،مشترکہ دانش کے متقاضی، بین الاقوامی وفد سے گفتگو

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے بین الاقوامی وفد نے ملاقات کی۔ وفد کو ایوانِ بالا کے آئینی کردار، پارلیمانی طریقۂ کار، قانون سازی کے عمل اور جمہوری استحکام میں سینیٹ کے مؤثر کردار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مندوبین، کاروباری و تعلیمی شعبوں کے نمائندگان، تھنک ٹینکس کے ماہرین، سرکاری و عسکری حکام اور میڈیا سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قیادت اور استحکام جیسے اہم موضوعات پر عالمی سطح پر سنجیدہ مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ موجودہ عالمی حالات باہمی تعاون اور مشترکہ دانش کے متقاضی ہیں۔ انہوں نے خصوصی طور پر اس امر پر زور دیا کہ اس نوعیت کی بین الاقوامی کانفرنسز، ورکشاپس اور مکالمے پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو خطے اور عالمی سطح پر قیامِ امن، مکالمے، باہمی احترام اور تعمیری تعاون پر یقین رکھتا ہے۔ ایسی علمی و فکری سرگرمیاں نہ صرف خیالات کے تبادلے کا ذریعہ بنتی ہیں بلکہ مختلف ممالک کے درمیان اعتماد سازی، باہمی روابط کے فروغ اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مؤثر حکمت عملی وضع کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مثبت شراکت داری کا خواہاں ہے اور پارلیمان اس حوالے سے پارلیمانی سفارت کاری کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں