بھاری محصولات ،تاجروں کا 17فروری سے احتجاج کا اعلان
چالانوں کا نظام شفاف ،کاروبار دوست ماحول فراہم کیا جائے ،مشترکہ پریس کانفرنس
راولپنڈی( خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی میں تاجر برادری نے مہنگائی، بھاری محصولات، جرمانے اور دکانوں کی سیلنگ کے خلاف 17 فروری کو پُرامن احتجاج کا اعلان کر دیا، راولپنڈی پریس کلب میں تاجر برادری کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران صدر مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی و پنجاب، شاہد غفور پراچہ نے کہا کہ تاجروں کی اکثریت نے ن لیگ کی حمایت کی، مگر موجودہ مہنگائی، بجلی و گیس کے بڑھتے نرخ اور غیر حقیقی پرائس کنٹرول پالیسیوں نے کاروباری سرگرمیوں کو شدید متاثر کیا ہے ۔ صدر راولپنڈی ریسٹورنٹس، کیٹررز، مٹھائی اور بیکرز ایسوسی ایشن، محمد فاروق چوہدری نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو سستی اشیائے خورونوش فراہم کرنا تاجروں کی خواہش ہے ، مگر موجودہ اخراجات اور سرکاری نرخ اس میں رکاوٹ ہیں۔ تاجر رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ چالانوں کا نظام شفاف بنایا جائے ، غیر ضروری محصولات ختم ،کاروبار دوست ماحول فراہم کیا جائے ، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔