جی سیون ون، تجاوزات، ورکشاپوں کی بھرمار، شہری پریشان
عرصہ دراز سے کھڑی گاڑیاں سکیورٹی رسک، سڑکوں پر ڈینٹنگ، پینٹنگ شروع
اسلام آباد (سید قیصر شاہ) سی ڈی اے چیئرمین آفس سے چند فرلانگ کے فاصلے پر واقع آئی اینڈ ٹی سنٹر مائو ایریا جی سیون ون میں تجاوزات اور گاڑیوں کی ورکشاپوں کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا۔ عرصہ دارز سے خراب کھڑی گاڑیاں سکیورٹی رسک بھی بن گئی ہیں، ملحقہ سڑک اور گلیوں سمیت قریبی دفاتر تک کا ایریا عملی طور پر گاڑیوں کی ورکشاپوں میں تبدیل ہو کر رہ گیا ہے۔
رہی سہی کسر گندگی کے ڈھیروں نے نکال دی ہے، صبح سے رات گئے تک گاڑیوں کی مرمت ڈینٹنگ پینٹنگ کا سلسلہ جاری رہنے لگا ہے۔ گاڑیوں کے شور اور رش سے ملحقہ آبادی کے مکینوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے اور یہاں سے گزرنا بھی مشکل ہو کر رہ گیا ہے، اسکے باوجود سی ڈی اے کے شعبہ انسداد تجاوزت اور دیگر شعبوں نے مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، اہلیان علاقہ نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔