رمضان المبارک میں سکیورٹی سخت ،سہولیات بہتر کی جائیں ،آئی جی
مساجد، امام بارگاہوں، تجارتی مراکز میں نفری بڑھانے ،جرائم روکنے کی ہدایت
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس ہوا۔ ماہِ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے جامع حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔ آئی جی نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ مساجد، امام بارگاہوں، تجارتی مراکز، رمضان بازاروں اور اہم عوامی مقامات پر سکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں۔ انہوں نے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے ، اسٹریٹ کرائم کی روک تھام، گشت میں اضافے اور ایمرجنسی ریسپانس کو مزید فعال بنانے پر بھی زور دیا۔
مزید برآں ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران وجوانوں کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے سحر و افطار کے اوقات میں خصوصی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں، تاکہ تمام افسران و جوان اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے انجام دے سکیں۔ آئی جی نے واضح کیا کہ فورس کی ویلفیئر اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ اجلاس میں اسلام آباد پرزن کی تعمیر سے متعلق پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔