فوڈ اتھارٹیز کی کارروائی،جعلی دودھ تیارکرنیوالا گروہ گرفتار
لہتراڑ روڈ کے قریب گھر پر چھاپہ مارا گیا جہاں بڑے پیمانے پر ملاوٹی دودھ تیار کیا جا رہا تھاکارروائی کے دوران 13ہزارلٹر سے زائد جعلی دودھ کا محلول برآمد کر کے موقع پر ہی تلف
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) رمضان المبارک میں ملاوٹ مافیا کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے پنجاب فوڈ اتھارٹی اور اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی مشترکہ ٹیم نے جعلی دودھ تیار کرنے والے ایک منظم گروہ کو پکڑ لیا۔ کارروائی کے دوران 13ہزار لٹر سے زائد جعلی دودھ کا محلول برآمد کر کے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاع پر لہتراڑ روڈ کے قریب ایک گھر پر چھاپہ مارا گیا جہاں بڑے پیمانے پر ملاوٹی دودھ تیار کیا جا رہا تھا، چھاپے کے دوران 480کلو بناسپتی گھی، 50کلو خشک پائوڈر اور جعلی دودھ بنانے والی مشینری بھی قبضے میں لے لی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان خشک پاوڈر اور بناسپتی گھی کی مدد سے مصنوعی دودھ تیار کر کے اسے رمضان المبارک میں جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں سپلائی کرنے والے تھے۔ رمضان میں دودھ اور دہی کی طلب میں اضافے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملاوٹ مافیا سرگرم ہو جاتا ہے۔ اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔