نجی ہائوسنگ سوسائٹی رقم نہیں دے رہی،انصاف دلایا جائے ،متاثرین
راجڑ اور پنڈ پڑیاں میں سینکڑوں کنال زمینیں خریدیں،پچاس لاکھ زر بیعانہ دیا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثرین سردار فاروق احمد، نمبردار محمد عارف اور علی زمان نے کہا ہے کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی انتظامیہ نے دھوکہ دہی کے ذریعے انکی راجڑ اور پنڈ پڑیاں میں واقع سینکڑوں کنال زمینوں پر قبضہ کر رکھا ہے ،ادائیگی سے انکاری ہے، اپنی رقوم سے دستبردار نہیں ہونگے ، آر ڈی اے خاموش تماشائی کا کردار ادا نہ کرے، اعلیٰ حکام متاثرین کی آواز سنیں اور انہیں انصاف مہیا کریں بصورت دیگر دھرنا دینے اورسڑکیں بند کرنے پر مجبور ہونگے۔ نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے متاثرین کا کہنا تھا کہ کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نے ان سے اربوں روپے کی سینکڑوں کنال زمینیں خریدیں اور صرف پچاس لاکھ زر بیعانہ دیا، جبکہ بقایا رقم دینے سے انکاری ہے ، رقم کا تقاضا کرنے پر اپنے غنڈوں کے ذریعے ہراساں کیا جاتا ہے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ انکی دو گاڑیاں اور لاکھوں روپے نقد مافیا نے لئے مگرتھانہ بنی اور آر اے بازار پولیس نے الٹا انکے خلاف جعلی اور جھوٹی ایف آئی آر درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا ۔