ترکیہ کا فیض الاسلام کے 200بچوں کو تعلیمی وظائف دینے کا اعلان
میں آپ کا چچا ہوں ،ترکیہ سفیر ، بچوں کے ساتھ افطاری ،ہر ممکن مدد کی یقین دہانی
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)ریپبلک آف ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیروگلو نے انجمن فیض الاسلام راولپنڈی کے دورے کے موقع پراگلے تعلیمی سال میں ادارے کے 200 بچوں کواعلیٰ تعلیم کیلئے وظائف دینے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے آپ کوبچوں کا چچا قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اور ترکیہ عظیم دوست اور آزمائش کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کے معاون ہیں۔ انہوں نے انجمن کے اپنا گھرکے رہائشی بچوں کے درمیان بیٹھ کر افطاری کی جس کا اہتمام ترکیہ ایمبیسی نے کیا تھا۔
اس موقع پر انجمن کے صدر پروفیسر ڈاکٹرریاض احمد ، جنرل سیکرٹری گروپ کیپٹن (ر) پرویز اختر، ترکیہ ایمبیسی کے افسران علی بٹیل ، سیمل سینک، لاونت ترضی ، اسد ستی ، دیگر عہدیداران اور اپنا گھر کے رہائشی بچوں کی بڑی تعداد موجودتھی ، ترکیہ کے سفیر کا کہنا تھا کہ ہمارا رشتہ بہت مضبوط ہے جس کی بنیاد کلمہ طیبہ ہے . ایمبیسی کے فرسٹ سیکرٹری نے بھی بچوں سے خطاب کیا اورکہا کہ وہ اپنے آپ کو اکیلا نہ سمجھیں اور کسی بھی احساس محرومی کا شکار نہ بنیں ۔