10مارچ سے آزاد کشمیر میں 5جی نیٹ سروسز کا آغاز ،فیصل راٹھور
جدید تعلیم، ای ہیلتھ، ای گورننس اور ڈیجیٹل معیشت کے نئے دور میں داخل ہو جائینگے
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار )آزادکشمیر کے وزیراعظم فیصل راٹھور نے کہا ہے کہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ آزاد کشمیر میں 10 مارچ سے 5G سروسز کا آغاز ہونے جا رہا ہے ،یہ ایک تاریخی سنگِ میل ہے جو ریاست کو تیز رفتار انٹرنیٹ، جدید تعلیم، ای ہیلتھ، ای گورننس اور ڈیجیٹل معیشت کے نئے دور میں داخل کرے گا جبکہ جلد ہی اس سمت میں ٹرائل کا آغاز شروع ہو جائے گا جس کے لئے پالیسی مکتوب بھجوایا جا چکا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ریاست کا ہر شہر اور ہر گاؤں ڈیجیٹل ترقی کے سفر میں برابر کا شریک ہو۔حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنایا جائے ، دور دراز علاقوں تک تیز رفتار انٹرنیٹ پہنچایا جائے اور نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کی تعلیم و تربیت فراہم کی جائے تاکہ وہ جدید معیشت کا مؤثر حصہ بن سکیں۔