ایک کلو کے نام پر 900 گرام برائلر کی فروخت
پرائس کنٹرول مجسٹریٹ احکامات پر عملدرآمد کرانے میں بھی ناکام،محکمہ لائیو سٹاک پنجاب نے کم و زن دینے والوں کے خلاف ہدایات جاری کی تھیں عمل نہیں ہو سکا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ماہ رمضان میں پرائس کنٹرول کے خصوصی دعوؤں کے باوجود شہر میں برائلر مرغی کے گوشت کا مقررہ وزن پورا نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے ، جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس متعلقہ احکامات پر عملدرآمد کرانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ذرائع کے مطابق قصاب برائلر مرغی کے ایک کلو گوشت کی قیمت وصول کرکے صرف 900 گرام گوشت فروخت کر رہے ہیں، جبکہ صفائی کے نام پر تقریباً 100 گرام گوشت کم کر دیا جاتا ہے ۔محکمہ صنعت و تجارت پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے جاری ہدایات میں واضح کیا گیا تھا کہ ایک کلو گوشت کے عوض مکمل 1000 گرام گوشت فراہم کیا جائے اور وزن میں کمی کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔
اس حوالے سے محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کے ضلعی حکام نے بھی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ مقررہ وزن سے کم گوشت فروخت کرنے والے قصاب گرانفروشی کے زمرے میں آتے ہیں اور ان کے خلاف پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے ۔تاہم رمضان المبارک کے دوران مرغی کے گوشت کی طلب میں کئی گنا اضافے کے باوجود شہر اور گردونواح میں ایک کلو کے نام پر کم وزن گوشت کی فروخت کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، جبکہ انتظامی افسران کی جانب سے پرائس کنٹرول کارروائیوں کے دعوے بھی کیے جا رہے ہیں۔