جی سی یونیورسٹی میں نئے داخلی راستوں ، رابطہ سڑک کا افتتاح
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے مین کیمپس میں گیٹ نمبر 2 اور گیٹ نمبر 4 سمیت نئے داخلی و خارجی راستوں اور باہمی رابطہ سڑک کی تعمیر و توسیع کے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر محمد ابراہیم نے بریفنگ دیتے ہوئے وائس چانسلر کو سڑک کی تعمیر اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبہ جدید انجینئرنگ معیار کے مطابق مکمل کیا گیا ہے تاکہ پائیداری، حفاظت اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے ۔منصوبے کا مقصد کیمپس میں ٹریفک کے بہاؤ کو منظم بنانا، سیکیورٹی کو بہتر کرنا اور طلبہ، اساتذہ اور مہمانوں کی آمد و رفت کو آسان بنانا ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سڑک کے اطراف معیاری پارکنگ ایریاز اور طلبہ کے لیے باقاعدہ ویٹنگ ایریاز قائم کیے جائیں تاکہ رش میں کمی اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف ٹریفک مسائل کم ہوں گے بلکہ کیمپس کا ماحول بھی مزید محفوظ اور منظم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ طلبہ ہمارے قیمتی اثاثہ ہیں اور یونیورسٹی انتظامیہ طلبہ و اساتذہ کی فلاح و بہبود اور سیکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے ، جبکہ تعلیمی و ترقیاتی شعبوں میں جدید سہولیات کی فراہمی بھی ترجیح ہے ۔