ستھرا پنجاب پروگرام:ناقص صفائی پر جرمانے ،کارروائی کا حکم
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ فیصل آباد کے زیر اہتمام ستھرا پنجاب پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی صدارت میں منعقد ہوا،
جس میں شہر بھر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر، فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، کنٹریکٹرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اور مختلف علاقوں کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ صفائی کے ناقص انتظامات پر بار بار جرمانے عائد کیے جائیں اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے بالخصوص سٹی، صدر اور جڑانوالہ کے علاقوں میں صفائی کے معاملات پر خصوصی توجہ دینے اور مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی تاکید کی۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اسسٹنٹ منیجر اور منیجر آپریشن کے ہمراہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد کریں تاکہ صفائی کے نظام کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔