راولپنڈی میں تجاوزات کیخلاف آ پریشن،4ٹرک سامان ضبط
آ پریشن کنٹونمنٹ بورڈشعبہ انفورسمنٹ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کیا تھڑوں اور گندگی کا سبب بننے والے ٹھیلوں کو مکمل ختم کر دیا گیا ، کینٹ حکام
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار)راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈشعبہ انفورسمنٹ نے عوامی شکایات پر راولپنڈی کینٹ کے مختلف علاقوں پشاور روڈ، نصیرآباد، مصریال روڈ، ٹینچ بھاٹہ ، ڈھوک سیداں روڈ، گرجا روڈ، برف خانہ روڈ ، 22 نمبر چونگی اور مین صدر بازار کے مختلف علاقوں چھوٹا بازار اور احاطہ مٹھو خان سمیت متعدد مقامات پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آ پریشن کیا جس کے دوران مختلف جگہوں سے 4 ٹرک سامان ضبط کر لیا گیا ۔ گرینڈ آپریشن انفورسمنٹ انچارج عمر خان کی زیر نگرانی کیا گیا ۔ حکام کے مطابق اس دوران کینٹ میں موجود مختلف نالوں میں رکاوٹ بننے والے تھڑوں اور گندگی کا سبب بننے والے ٹھیلوں کو بھی مکمل ختم کیا گیا ہے ، آپریشن روزانہ کی بنیاد پر کیے جا رہے ہیں جن کا مقصد شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے ۔