ڈینگی کا ممکنہ پھیلاؤ،تمام طبی اداروں کو اقدامات کی ہدایت
ڈینگی سے متعلق ایس او پیز پرعملدرآمدکیاجا ئے ،ہیلتھ کیئر اتھارٹی
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیشِ نظر تمام سرکاری و نجی طبی اداروں کو پیشگی حفاظتی اور نگرانی کے اقدامات فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت دی ہے ، چیف ایگزیکٹو آفیسر اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی ڈاکٹر زعیم ضیا کے احکامات کے مطابق اسلام آباد میں قائم تمام ہسپتالوں، کلینکس اور دیگر صحت کے مراکز کو ڈینگی کی روک تھام، نگرانی اور مریضوں کے بروقت علاج کے لیے جامع تیاری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ تمام ادارے ڈینگی سرویلنس اور کلینیکل مینجمنٹ سے متعلقہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔ مشتبہ اور تصدیق شدہ کیسز کی بروقت رپورٹنگ کی جائے ، مریضوں کے علاج کے لیے طبی عملہ تیار رکھا جائے اور ضروری ادویات، تشخیصی سہولیات اور معاون طبی سامان کی دستیابی یقینی بنائی جائے ۔