اسلام آباد ،مہنگی اشیا فروخت کرنے پر 32 دکاندار گرفتار
اسسٹنٹ کمشنرز کے مختلف رمضان سہولت بازاروں ،مارکیٹوں میں چھاپے کوالٹی پر توجہ ،سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائیگی ،ڈی سی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے رمضان المبارک میں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مہم تیز کر دی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر عرفان میمن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف رمضان سہولت بازاروں اور عام مارکیٹوں میں اچانک چھاپے مارے ۔ کارروائیوں کا مقصد حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنانا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنرز نے دورانِ چیکنگ مصالحہ جات، سبزیوں اور پھلوں کی ریٹ لسٹ کی عدم دستیابی، مصنوعی قلت پیدا کرنے اور نرخ نامے سے زائد قیمت وصول کرنے پر مجموعی طور پر 32 دکانداروں کو گرفتار کرکے انہیں حوالات منتقل کر دیا۔ذمہ داران کے مطابق یہ کارروائیاں شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کی نشاندہی پر کی گئیں۔ ڈی سی کا کہنا تھا کہ حکومتی ریلیف شہریوں تک پہنچانا ان کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام بازاروں میں بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔ اشیاء خوردونوش کی کوالٹی پر بھی خاص توجہ دی جائے اور حکومتی نرخوں کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائیگی ۔