احتجاج ہر شہری کا حق، تورپھوڑ کی اجازت نہیں دینگے، اے ڈی سی
شرپسند عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ،حسان طارق
راولپنڈی(نیوزرپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر حسان طارق کی زیرِ صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ہوا،ایران کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں امن و امان کی مجموعی صورتِ حال، ممکنہ احتجاجی سرگرمیوں اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس حکام اور متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسان طارق نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہے۔
احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے ، تاہم اس دوران سرکاری و نجی املاک کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ یا قانون شکنی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور شرپسند عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حساس مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کی جائے گی، جلوسوں اور اجتماعات کی مؤثر نگرانی کی جائے گی اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔