ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا،خرم رسول
شہید کی برسی عقیدت اور احترام سے منائی جائیگی، تقریبات کا شیڈول جاری
راولپنڈی (دنیا رپورٹ) کارکنان پاکستان پیپلز پارٹی گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 46ویں برسی عقیدت واحترام سے منائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی راولپنڈی سٹی کے صدر میاں خرم رسول نے پارٹی آفس لیاقت باغ میں وارڈ کمیٹیوں ذیلی تنظیموں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے رانا رفاقت علی، عامر فدا پراچہ، چودھری افتخار چوہدری، عذرا یونس نے بھی خطاب کیا۔ میاں خرم رسول نے کہا کہ بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو ملکی تاریخ کے واحد دور اندیش لیڈر تھے جنہوں نے مستقبل کے خطروں کو بھانپتے ہوئے ’’ایٹمی پروگرام‘‘ کی بنیاد رکھی، آج انہی کے مرہون منت پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔
آج دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات بھی نہیں کر سکتا۔ ’’پھانسی گھاٹ‘‘ کی تقریب سابق ڈسٹرکٹ جیل کے مقام پر حسب روایت منعقد ہو گی، صبح 11بجے اجتماعی فاتحہ خوانی کی جائے گی اور جائے شہادت پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ شہر میں 31مارچ بروز منگل ڈھوک مٹکال رہائش گاہ راجہ الطاف حسین، یکم اپریل صادق آباد دفتر میں سابق ناظم جمیل اختر قریشی کی جانب سے دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔