مہنگی روٹی بیچنے پر مزید 15تندور سیل، 18افراد گرفتار
روٹی 20، نان 25کا ہوگا، زائد وصولی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی،ڈی سی
اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے مہنگی روٹی بیچنے پر کارروائی کرتے ہوئے 15تندور سیل کرکے 18افراد کو گرفتار کر لیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومتی ریٹس پر روٹی و نان کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں جاری ہیں، خصوصی مہم کے تحت دوسرے روز بھی شہر بھر میں 138تندوروں کی انسپکشن کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو تندوروں کی روزانہ انسپکشن اور حکومتی نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ حکومت کی جانب سے روٹی کی قیمت 20روپے اور نان کی قیمت 25مقرر کی گئی ہے، مقررہ نرخوں سے زائد وصولی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔