حملوں کی 97ویں لہر: ایران کا متعدد اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنانے، 25 امریکی فوجی ہلاک اور زخمی کرنے کا دعویٰ

تہران: (دنیا نیوز) ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کی 97ویں لہر کے دوران خلیج فارس اور ملحقہ علاقوں میں متعدد امریکی و اسرائیلی اہداف کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت کی گئی اس کارروائی کو ایرانی وزارتِ توانائی کے ملازمین کے نام کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق کویت میں محمد الاحمد بحری اڈے کے قریب ایک مقام پر موجود امریکی کمانڈرز اور افسران کے اجتماع کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد علاقے میں ایمبولینسز کی بڑی تعداد میں آمد و رفت بھاری جانی نقصان کی نشاندہی کرتی ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جبل علی بندرگاہ کے چینل میں موجود کنگ ڈاؤ سٹار نامی ایک اسرائیلی جہاز کو قدر نیول کروز میزائل سے نشانہ بنایا گیا جس کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی، متحدہ امارات میں 25 امریکی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ آبنائے ہرمز پر کنٹرول کے تحت گزشتہ روز سے اب تک کئی جہازوں کو بغیر اجازت آمد و رفت سے روکا گیا اور انہیں آبنائے ہرمز کے مشرقی اور مغربی اینکریج کی جانب منتقل کیا گیا، جبکہ اسرائیلی شہر بئر السبع میں بھی صہیونی فوج سے منسلک صنعتی علاقے کو ایرو سپیس فورس نے نشانہ بنایا۔

بوشہر سمیت مختلف ایرانی شہروں پر امریکی و اسرائیلی حملے، سکیورٹی خدشات میں اضافہ
امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے صوبہ بوشہر میں ایک اور حملہ کیا گیا ہے جہاں ایک بڑا جوہری بجلی گھر بھی واقع ہے، اس علاقے میں مسلسل حملوں کے باعث نہ صرف مقامی بلکہ علاقائی سطح پر بھی شدید تشویش پائی جا رہی ہے کہ کہیں چرنوبل پلانٹ جیسا کوئی بڑا سانحہ جنم نہ لے۔

ایران کے شہر اہواز میں بھی متعدد حملے کیے گئے ہیں جن میں وہاں کے ہوائی اڈے کو بھی نشانہ بنایا گیا، اس کے علاوہ مشرقی تہران کے قریب بھی حملہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں