امریکا پائلٹ بازیاب کروانے کے مشن میں ناکام ہوا: ایران کا دعویٰ
تہران: (ویب ڈیسک) ترجمان ختم الانبیاء ہیڈکوارٹرز ابراہیم ذوالفقاری کا کہنا ہے کہ امریکی سروس مین کو بازیاب کروانے کا آپریشن ناکام ہوا ہے۔
تہران سے ترجمان ختم الانبیاء ہیڈکوارٹرز کے مطابق دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹر اور 2 سی 130 طیارے تباہ کیے ہیں، ذلت آمیز شکست سے ثابت ہوا کہ امریکی فوج کو غلبہ حاصل نہیں۔
ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے واضح الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ مزید جارحیت کا جواب پورے خطے میں شدید رد عمل کی صورت میں دیا جائے گا، ایران کو شکست دینے کا تصور اب ایک دلدل میں بدل چکا ہے، جس میں مخالفین خود دھنس جائیں گے۔
خیال رہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ٹرمپ نے ایرانی پہاڑوں سے شدید زخمی حالت میں ایف 15 طیارے کے افسر کو بچانے کا اعلان کیا تھا۔
امریکی صدر نے کہا تھا کہ ایرانی فوج افسرکو تلاش کر رہی تھی اور بہت قریب پہنچ گئی تھی، بچائے گئے افسر ایک نہایت معزز کرنل ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی سیکیورٹی حکام نے دعویٰ کیا کہ ایران سے امریکی پائلٹ بازیاب کروانے کے مشن میں اسرائیلی انٹیلیجنس نے امریکا کی مدد کی۔