بلوچستان حکومت کا مارکیٹوں اور شادی ہالز کے اوقات محدود کرنے کا اعلان
کوئٹہ (دنیا نیوز) بلوچستان حکومت نے توانائی کے تحفظ کے اقدامات کے تحت بازاروں، شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کے اوقات محدود کرنے کا اعلان کردیا۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ حکم ایندھن کی سبسڈی اور توانائی کی بچت کی حکمت عملیوں سے متعلق اجلاس کے دوران کیے گئے فیصلوں کے بعد سامنے آیا ہے، اِس منصوبے کو نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی نگرانی میں نافذ کیا جا رہا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، تمام بازاروں اور شاپنگ سینٹرز کو رات 8 بجے تک بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے جب کہ فارمیسی، تندور اور بیکریوں کو استثنیٰ دیا گیا ہے، شادی ہالز، ضیافت کے مقامات تقریبات، بشمول ہوٹلوں اور ریستورانوں میں منعقد ہونے والی تقریبات کو رات 10 بجے تک ختم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ریستوران اور ہوٹلوں کو بھی اسی وقت بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ نے کہا کہ اِن اقدامات کا مقصد عوام پر بوجھ کو کم کرتے ہوئے توانائی کا تحفظ کرنا ہے، ضلعی حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سختی سے نفاذ کو یقینی بنانے کا کام سونپا گیا ہے۔
خیال رہے یہ اقدامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پاکستان کو مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث ایندھن اور توانائی کی بڑھتی ہوئی عالمی قیمتوں کا سامنا ہے، ایک ماہ قبل شروع ہونے والا تنازع 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر مشترکہ حملے کے بعد شدت اختیار کر گیا۔
دوسری جانب جوابی کارروائی میں تہران نے خلیج میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا اور آبنائے ہرمز کو بلاک کر دیا، جو تیل کی ترسیل کا ایک اہم راستہ ہے۔