پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 1500 کلو مضر صحت گوشت تلف

 پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 1500 کلو مضر صحت گوشت تلف

امتیاز مارکیٹ چاکرہ کے قریب ناکہ بندی کے دوران گاڑی سے گوشت برآمد ہوا

راولپنڈی(نیوزرپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے علی الصبح بڑی کارروائی کرتے ہوئے شہر میں ناقص اور مضرِ صحت گوشت کی سپلائی کی کوشش ناکام بنا دی۔ ترجمان کے مطابق امتیاز مارکیٹ چاکرہ کے قریب ناکہ بندی کے دوران گوشت سے بھری مشکوک گاڑی کو روک کر چیک کیا گیا۔حکام کے مطابق گاڑی میں موجود تقریباً 1500 کلو گرام باسی، بدبودار اور ناقص گوشت کو ویٹرنری ڈاکٹر نے معائنے کے بعد انسانی صحت کے لیے خطرناک قرار دیا۔ بعد ازاں مذکورہ گوشت کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا تاکہ اسے کسی صورت شہریوں تک پہنچنے سے روکا جا سکے۔

ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ گوشت کو خفیہ طریقے سے شہر میں سپلائی کیا جانا تھا تاہم بروقت کارروائی کے باعث ایک بڑے خطرے کو ٹال دیا گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر گاڑی کو اپنی تحویل میں لے لیا جبکہ فوڈ اتھارٹی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔حکام کے مطابق صوبہ بھر میں ناقص اور مضر صحت خوراک کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور ایسے عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے جو انسانی جانوں سے کھیلنے کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں