سی ڈی اے ،بیورو کریٹس کی تعیناتی کیخلاف افسر کھڑے ہو گئے
گریڈ 20 کی پانچ میں سے تین پوسٹوں پر بیوروکریٹس کی تعیناتی کیلئے اشتہار کی مخالفت پوسٹیں ان کی ترقی کا قانونی حق،بیرونی لینڈنگ کی اجازت نہیں دے سکتے ،چیئرمین کو مراسلہ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)سی ڈی اے میں گریڈ 19کے افسران انتظامیہ کے سامنے کھڑے ہوگئے ہیں، گریڈ 20کی پانچ میں سے تین پوسٹوں پر بیوروکریٹس کی تعیناتی کے لیے جاری اشتہار نے ادارے کے گریڈ 19کے سینئر افسران کو احتجاج پر اکسا دیا ہے ۔ افسران کا کہنا ہے کہ یہ پوسٹیں ان کی ترقی کا قانونی حق ہیں، کسی بیرونی لینڈنگ کی اجازت نہیں دے سکتے ، قانون پر عملدر آمد یقینی بنانا ہو گا۔ ترقی کے منتظر افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو لکھے گئے مراسلے میں واضح کیا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل (گریڈ-20)کی پانچوں پوزیشنیں سو فیصد پروموشن کی ہیں، جن پر باہر سے بھرتیاں عمل میں لانا سی ڈی اے کے قواعد کے براہِ راست خلاف ہے ۔سی ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری اور ڈائریکٹرز ایگزیکٹو کیڈر (گریڈ-19) نے چیئرمین کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا کہ مذکورہ اسامیاں BPS-19 کے ان لائن ڈائریکٹرز کے پروموشن کوٹہ سے متعلق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان پوسٹوں کو کنٹریکٹ کے ذریعے بھرنے کا طریقہ کار موجودہ سروس ڈھانچے اور پروموشن کے قواعد کے خلاف ہے ۔ ایسوسی ایشن نے عدالتی فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ اشتہار واپس لیا جائے۔